آندھرا پردیش،20/ نومبر (آئی این ایس انڈیا) آندھرا پردیش میں شدید بارش سے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ غیر موسمی بارش کی وجہ سے ریاست کے کئی اضلاع میں تباہی ہے۔ اننت پور ضلع کے کدیری قصبے میں ایک پرانی 3 منزلہ عمارت شدید بارش کی وجہ سے گر گئی۔ اس عمارت کے گرنے سے 3 بچوں اور ایک بوڑھی خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کو مکان گرنے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کو رائل سیما کے تین اضلاع اور ایک جنوبی ساحلی ضلع میں 20 سینٹی میٹر تک شدید بارش کی وجہ سے تباہی ہوئی ہے۔ بارش کے باعث پیش آنے والے واقعات میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیز کڈپاہ ضلع میں 10 سے زیادہ لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ ایئر فورس، ایس ڈی آر ایف اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار راحت اور بچاؤ کام انجام دے رہے ہیں۔موسلا دھار بارش کی وجہ سے ریاست میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی سے فون پر بات کی اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ بات چیت کے دوران پی ایم مودی نے ریاست کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ وزیراعلیٰ آفس سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ آج سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کریں گے۔موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں اور نہرنوں کے ذریعہ سیلابی پانی کئی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔ کئی مقامات پر سڑکیں ٹوٹ گئیں ہیں۔ موسلادھار بارش کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہے۔ بارش کی وجہ سے فلائٹ سروس بھی متاثر ہے۔